باجوڑ کے تحصیل سالارزئی میں آج انسداد پولیو مہم کے دوران نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے پولیو مہم کے سیکورٹی پر تعینات ایک پولیس اہلکار سجاد اور ایک سویلین شخص شہید ہوگئے، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں پولیو ٹیم پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے،وزیراعظم نے پولیو ٹیم کے تحفظ پر مامور پولیس اہلکار کی شہادت اور ایک شہری کے زخمی ہونے پر گہرا افسوس ظاہر کیا،شہید کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی،وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی بھی دعا کی ،انہوں نے تخریب کاروں کی جلد از جلد شناخت اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی،وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے لیے انسداد پولیو کی اہم خدمت سر انجام دینے والوں پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے،وزیراعظم نے یقین دلایا کہ ملک سے پولیو کے خاتمے تک پولیو مہم پوری تحریک کے ساتھ جاری رہے گی
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ باجوڑ میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ انتہائی قابلِ مذمت اور شرمناک ہے۔ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلِی دکھ اور افسوس ہے۔ ملک دشمن عناصر ہر طرح سے امن خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز سینہ سپر ہیں۔ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔








