اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار، محکمہ صحت کے افسران اور فیلڈ انچارجز نے شرکت کی۔
اجلاس میں 15 سے 18 دسمبر تک جاری رہنے والی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کو مہم کے دوران تشکیل دی گئی ٹیموں، سکیورٹی انتظامات، لاجسٹکس اور مائیکرو پلاننگ سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم قومی فریضہ ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت ناقابلِ برداشت ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ٹیمیں مکمل تیاری کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہیں اور ہر بچے تک پولیو کے قطرے پہنچانا یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مسڈ اور ریفیوزل کیسز پر خصوصی توجہ دینے، ہائی رسک علاقوں میں مؤثر مانیٹرنگ اور فیلڈ اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے عوامی تعاون نہایت ضروری ہے اور ضلعی انتظامیہ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔








