پاکستان کے وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مدعو کیا اور یقین دہانی کرائی کہ انہیں سرمایہ کاری کے دوران درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یو ایس چیمبر آف کامرس میں امریکا پاکستان بزنس کونسل کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مائنگ (کان کنی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیر داخلہ نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معیشت اب معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے اور اس وقت ملک میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ان کمپنیوں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان میں ضروری این او سیز کے اجراء میں بہتری لائی گئی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے امریکا پاکستان بزنس کونسل کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے خصوصی سہولتیں دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ امریکا پاکستان بزنس کونسل ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔
یہ ملاقات پاکستانی حکومت کی جانب سے امریکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔
رہائشی کمپلیکس میں سیکیورٹی معاملات بہت سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے،شاہد کپور
چینی شہریوں سے بھتے کی شکایات پر آئی جی سندھ کی وضاحت