انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی، انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی میزبانی کا امکان

0
74
iqbal stadium

پاکستان کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ کے انعقاد کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت پی سی بی نے اکتوبر میں انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے دوران ایک ٹیسٹ میچ فیصل آباد میں کروانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی میزبانی کے لیے راولپنڈی، ملتان، اور فیصل آباد کو منتخب کرنے کا ابتدائی پلان تیار کر لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت، پہلا ٹیسٹ میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں، دوسرا ٹیسٹ میچ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں، اور تیسرا راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
فیصل آباد میں حال ہی میں منعقد ہونے والے چیمپیئنز ون ڈے کپ کی کامیابی نے پی سی بی کے حکام کو متاثر کیا ہے۔ شائقین کی بڑی تعداد نے اس ٹورنامنٹ میں گہری دلچسپی ظاہر کی، جس کے بعد پی سی بی نے مستقبل میں فیصل آباد کو انٹرنیشنل میچز اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی میزبانی کے حوالے سے سنجیدگی سے غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں ٹیسٹ میچ کی میزبانی کے حتمی فیصلے کے لیے حالیہ چیمپیئنز ون ڈے کپ میں شائقین کی دلچسپی اور مثبت ردعمل کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ اگر فیصل آباد میں کرکٹ کے انعقاد کے حوالے سے مثبت جواب ملتا ہے تو مستقبل میں یہاں مزید انٹرنیشنل میچز اور پی ایس ایل کے مقابلے بھی کروائے جا سکتے ہیں۔
فیصل آباد کے بعد، پاکستان کرکٹ بورڈ نے گوجرانوالہ میں بھی کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے اپنی نظریں مرکوز کر لی ہیں۔ پی سی بی حکام کے مطابق، گوجرانوالہ میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کے انعقاد کے لیے اقدامات کیے جا سکتے ہیں، اور اس حوالے سے مستقبل قریب میں کوئی اہم اعلان متوقع ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس اقدام کو کرکٹ شائقین کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ نئے ٹیلنٹ کو بھی سامنے آنے کا موقع ملے گا۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ جیسے شہروں میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سے کرکٹ کے میدانوں میں رونقیں دوبارہ بحال ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

Leave a reply