ٹھٹھہ :انٹرا سکول ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ 2023بوائز کا اعزاز,مکلی کے طالب علم محمد حسان جٹ کے نام

ٹھٹھہ،باغی ٹی وی ( نامہ نگار راجہ قریشی)انٹر اسکول ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ 2023 بوائز کا اعزاز گورنمنٹ بوائز کیمپس اسکول مکلی کے طالب علم محمد حسان جٹ نے حاصل کیا۔ محمد حسان جٹ نے ٹیبل ٹینس کامسلسل دوسرا اعزاز اپنے نام کیا۔ اس چیمپئن شپ کا انعقاد مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی پبلک اسکول ٹھٹھہ نے اپنے اسکول میں منعقد کروایا۔ اس ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں ٹھٹھہ کے نجی اور سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانوں نے کہاکہ ہماری زندگی میں کھیلوں کی اہمیت انمول ہے کیونکہ کھیل ہر انسان کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لئے بہت ضروری ہوتا ہے۔ کھیل بھی حوصلہ اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ ہمیں فوری فیصلہ لینے میں بھی مدد کرتے ہیں اور ہمارے سوچنے کے عمل کو بہتر بناتے ہیں۔ کھیلوں سے ہی ہمارے اندر جیت اور شکست کو قبول کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔
تقریب سے نظام الدین کھوڈائی سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ٹھٹھہ، شجاعت اللہ خان چئیرمن مخدوم اکیڈمی، نور محمد سرائی، محمد صفدر ٹھٹوی، اظہر شاہ ڈائریکٹر کانسیپٹ اسکول ٹھٹھہ، جلیل احمد کھونباٹی چئیرمن پرائیویٹ اسکولز ٹھٹھہ، یاسین انڑ، ہیڈ مسٹریس گرلز ہائی اسکول مکلی، محمد شریف گجر، ظہیر خٹک فیفا ایمبیسڈر، مدیا ناز جاکھرو فیفا کوچ، حمیرا علی سوشل ورکر، وجاہت اللہ خان سینئیر ایڈووکیٹ اور دیگر نے کھیلوں کی اہمیت پر آگاہی فراہم کی۔
بوائز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں گورنمنٹ بوائز کیمپس اسکول مکلی نے محمد حسان جٹ نے کانسیپٹ اسکول ٹھٹھہ کے عبدالمعید کو 0-2 سے شکست دی۔ جبکہ دوسرے سیمی فائنل مخدوم اسکول ٹھٹھہ کے اسد اللہ خان نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے عزیز بروہی کو 0-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ ٹیبل ٹینس کا فائنل مقابلہ گورنمنٹ بوائز کیمپس اسکول مکلی کے محمد حسان جٹ اور مخدوم اسکول ٹھٹھہ کے اسد اللہ خان کے درمیان کھیلا گیا۔ محمد حسان جٹ نے دلچسپ مقابلے کے بعد یہ اعزاز 0-2 سے اپنے نام کیا۔ جبکہ گرلز ایونٹ کا فائنل گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول مکلی اور مخدوم اسکول ٹھٹھہ کی طالبات کے درمیان کھیلا گیا۔ مخدوم اسکول ٹھٹھہ کی طالبہ نے یہ فائنل مقابلہ 0-2 سے جیت لیا۔ تقریب کے آخر میں کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

Leave a reply