بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے انڈین پریمیئر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی واپسی کے لیے مختلف ممالک کے کرکٹ بورڈز پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے آئی پی ایل انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ آسٹریلیا، انگلینڈ سمیت تمام بڑے کرکٹ بورڈز سے انفرادی طور پر رابطے کریں اور کھلاڑیوں کے خدشات دور کرنے کی کوشش کریں۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ تمام غیر ملکی بورڈز سے مسلسل رابطے میں ہیں اور فرنچائزز بھی براہِ راست اپنے کھلاڑیوں سے گفتگو کر رہی ہیں تاکہ انہیں واپسی پر آمادہ کیا جا سکے۔
یہ پیشرفت پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد آئی پی ایل کی دوبارہ بحالی کے اعلان کے فوراً بعد سامنے آئی ہے۔ اگرچہ لیگ کو 17 مئی سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے، تاہم کئی غیر ملکی کھلاڑی سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت واپس آنے سے گریزاں ہیں۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ بھارت جانے یا نہ جانے کے کھلاڑیوں کے فیصلے کا مکمل احترام کرے گا۔ بورڈ کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی واپسی سے متعلق سیکیورٹی اور تیاریوں کے پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے، اور اس حوالے سے آسٹریلوی حکومت اور بھارتی کرکٹ بورڈ سے مسلسل رابطہ ہے۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد آئی پی ایل کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد متعدد غیر ملکی کھلاڑی اپنے وطن واپس چلے گئے تھے۔ اب لیگ 17 مئی سے دوبارہ شروع ہوگی، جبکہ فائنل 3 جون کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 11 جون سے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل لندن میں شیڈول ہے۔
امارات میں ٹریفک تنازع پر فائرنگ، 3 خواتین جاں بحق
پاکستان کے لیےجاسوسی کےالزام میں بھارتی پنجاب سے دو افراد گرفتار
ٹرمپ کا دورہ سعودی عرب ، 142 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط