تہران :القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے کہاہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکی فوجی کارروائی دہشت گردی کی کارروائی تھی۔

ادھر ذرائع کےمطابق اس حوالے سے غلام حسین اسماعیلی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کےاحکامات دینے کا اعتراف کرچکے ہیں جو کہ عالمی عدالت میں پیش کیا جانے والا مضبوط ثبوت ہوسکتاہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدہ صدرات سے فارغ ہونے کے بعد ایران بھی طلب کیا جاسکتا ہے اور ایرانی قانون کے آرٹیکل 8 کے مطابق ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جاسکتی ہے۔عدالتی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی عدالت میں کیس طوالت اختیار کرسکتا ہے لیکن ایران اسے اختتام تک پہنچائےگا۔

Shares: