ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر پابندیوں کا خطرہ ہو سکتا ہے،امریکا کا ایرانی صدر کے دورہ پاکستان پرردعمل

امریکا نے ایران سے تجارتی معاہدوں پر پابندیوں کے خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دے دیا
0
79
methew

واشنگٹن: امریکا نے ایران سے تجارتی معاہدوں پر پابندیوں کے خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دے دیا-

باغی ٹی وی: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے سوال پر کہا کہ ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر پابندیوں کا خطرہ ہو سکتا ہے، تجارتی معاہدوں پر غور کرنے والوں کو ممکنہ پابندیوں کے خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا امریکا، پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور اس کے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے،امریکا 20 برس سے پاکستان میں ایک بڑا سرمایہ کار بھی ہیں، پاکستان کی اقتصادی کامیابی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، ہم اپنی شراکت کو جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کا 3 روزہ دورہ کررہے ہیں گزشتہ روز دورے کے پہلے دن پاکستان اور ایران کے درمیان 8 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جبکہ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا-

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی آج لاہور اور پھر کراچی کا دورہ کریں گے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، سید ابراہیم رئیسی کے استقبال کیلئے لاہور ائیرپورٹ پہنچ گئیں، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری بھی ان کے ہمراہ ہیں، ایرانی صدر پنجاب کی قیادت سے ملاقات کریں گے، گورنر بلیغ الرحمان کے ظہرانے میں شرکت کریں گے۔

مہمان صدر ابراہیم رئیسی مزار اقبال پر حاضری بھی دیں گے، لاہور میں آج عام تعطیل ہے جب کہ سکیورٹی انتظامات کے تحت شہر کی متعدد سڑکیں بند ہیں،تعطیل کی وجہ سے عدالتیں اور تعلیمی ادارے بند ہیں، انٹر کے تحت ہونے والے پیپرز اور پریکٹیکل بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں، تاہم پنجاب سول سیکریٹریٹ سے منسلک محکموں میں تعطیل نہیں ہے۔

لاہو کے بعد ایرانی صدر کراچی جائیں گے ، مہمان صدر مزار قائد پر حاضری دیں گے، اور حکام سے ملاقاتیں بھی ہوں گی، ابراہیم رئیسی کراچی یونیورسٹی بھی جائیں گے جہاں انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی جائے گی،شہر قائد میں بھی آج عام تعطیل ہے، شارع فیصل آج تین بجے سے پانچ بجے تک بند رہے گی، ائیرپورٹ سے پی آئی ڈی سی تک سڑک مکمل بند رہے گی،ایم اے جناح روڈ سے صدر جانے والے روڈ پر کنٹینر رکھ دئیے گئے، شارع قائدین سے نمائش جانے والا روڈ بھی بند کردیا گیا، پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی کے اطراف بھی کنٹینر لگا دیے گئے۔

Leave a reply