تہران:ایران نے پاکستان کے اندر بلوچ عسکریت پسند گروپ جیش العدل کے دو ٹھکانوں کو میزائلوں سے ہدف بنایا ہے۔
باغی ٹی وی: ایران کے سرکاری میڈیا نے منگل کو رپورٹ کیا کہ ایران نے پاکستان کے اندر بلوچ عسکریت پسند گروپ جیش العدل کے دو ٹھکانوں کو میزائلوں سے ہدف بنایا ہے۔
https://x.com/TRTWorldNow/status/1747322995230515451?s=20
برطانوی خبررساں ادارے روئٹرز نے ایران کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ دونوں ٹھکانے ڈرونز اور میزائل حملے میں تباہ ہو گئے مذکورہ گروپ نے پاکستانی سرحد سے متصل ایرانی علاقوں میں سکیورٹی فورسز پر حملے بڑھا دیے تھے۔
پاکستانی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق ایران سے فائر کیے گئے 2 راکٹ/میزائل ایک دور افتادہ سرحدی گاؤں میں پاکستان میں گرے ہیں جس سے جانی نقصان ہوا ہےپاکستان حالات/تفصیلات، جوابی آپشنز پر غور کر رہا ہے، اور اپنی مرضی کے وقت، جگہ اور طریقے پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے کسی کو ہماری خودمختاری کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ، سنگین نتائج نکل سکتے ہیں،دفتر خارجہ
دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کر لیا،دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں، نتائج کی ذمہ داری پوری طرح سے ایران پر عائد ہوگی، پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ دہشتگردی خطے کے تمام ممالک کیلئے مشترکہ خطرہ ہے جس کیلئے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے، اس طرح کی یکطرفہ کارروائیاں اچھے ہمسایہ تعلقات کے مطابق نہیں ہیں اور یہ دو طرفہ اعتماد کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہیں، پاکستان ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، پاکستانی فضائی حدود میں ایرانی حملے کے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور تین بچیاں زخمی ہوئی تھیں، یہ بات اور بھی تشویشناک ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز موجود ہونے کے باوجود یہ غیرقانونی عمل ہوا ہے،دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے پہلے ہی تہران میں ایرانی وزارت خارجہ میں متعلقہ سینیئر عہدیدار کے پاس شدید احتجاج درج کرایا جا چکا ہے، ایرانی ناظم الامور کو بھی وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا ہے تاکہ پاکستان کی خودمختاری کی اس صریح خلاف ورزی کی شدید مذمت کی جائے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے پاکستان پر حملے کی خبر کو ویب سائٹ سے ہٹا دیا ہے تاہم پاکستانی حکام کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ ایران کی جانب سے دو میزائل داغے گئے ہیں-
چین کی ایران اور پاکستان سے تحمل سے کام لینے کی اپیل
ایران کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملے کے بعد چین کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے،چین نے موجودہ صورتحال میں ایران اور پاکستان سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کردی،چین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے فریقین سے کشیدگی میں اضافے کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کا مطالبہ کیا گیا ہے،چین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے دونوں ملک مل کر کام کریں
قبل ا زیں ا یران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے گذشتہ سال 25 دسمبر کو رپورٹ کیا تھا کہ ملک کے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں جیش العدل کے پولیس سٹیشن پر حملے میں 11 سکیورٹی اہلکار جان سے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھےسیستان بلوچستان کے قصبے رسک میں ہونے والی جھڑپوں میں جیش العدل کے متعدد ارکان بھی مارے گئے۔
علاوہ ازیں 23 جولائی 2023 کو زاہدان شہر میں ایک ’دہشت گرد‘ حملے میں کم از کم چار ٹریفک پولیس اہلکاروں کی موت واقع تھی دریں اثنا 8جولائی، 2023 کو مسلح افراد اور خود کش حملہ آوروں نے زاہدان کے ایک پولیس سٹیشن پر حملہ کیا تھا، جس میں دو پولیس افسران اور چار حملہ آوروں کی اموات ہوئی تھیں۔