جنوبی ایران کے شہر بندر عباس کے شہید راجئی پورٹ پر ایک زوردار دھماکہ ہوا جس نے پورے علاقے میں ہلچل مچا دی۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے زمین لرز اُٹھی اور یہ دھماکا نزدیکی علاقوں میں بھی سنا گیا۔دھماکے میں دو سو کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں
ہرمزگان صوبے کے بحران کے انتظامی سربراہ نے اس دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، "شہید راجئی پورٹ پر کچھ منٹ پہلے ایک شدید دھماکہ ہوا ہے، لیکن اس کے سبب کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔”دھماکے کی نوعیت اور اس میں ہونے والے ممکنہ نقصانات کے بارے میں ابھی تک کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ دھماکے کی اصل وجہ اور کسی بھی جانی یا مالی نقصان کا پتا چلایا جا سکے۔دھماکے کے فوراً بعد، پورٹ کے قریب رہنے والے افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مختلف علاقوں سے امدادی ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں۔ اس وقت پورٹ کی سکیورٹی اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ دھماکا شاہد راجائی پورٹ پر رکھے گئے متعدد کنٹینرز کے پھٹنے سے ہوا۔حکام کا کہنا ہے کہ ہم علاقے کو خالی کرنے اور زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں،سوشل میڈیا ویڈیوز میں دھماکے کے علاقے سے کالے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔دیگر سوشل میڈیا ویڈیوز میں عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہوا دکھایا گیا ہے۔ کئی لوگوں کو علاقے کے آس پاس بھی دیکھا گیا جو املاک کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے رہے تھے۔شاہد راجئی پورٹ بنیادی طور پر کنٹینرز کی آمدورفت کو ہینڈل کرتی ہے اور اس میں آئل ٹینک اور دیگر پیٹرو کیمیکل سہولیات بھی موجود ہیں۔