ایران کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل حملے میں اسرائیل کا ایک اسپتال بری طرح متاثر ہوا، واقعے میں 50 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے جبکہ جانی نقصان کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
جمعرات کی صبح ایران نے اسرائیلی شہر بیئرشیوا میں واقع سوروکا میڈیکل سینٹر کو بیلسٹک میزائل حملے کا نشانہ بنایا، جس سے اسپتال کو شدید نقصان پہنچا۔ حملے کے بعد اسرائیل کے کئی شہروں میں فضائی حملے کے سائرن بجنے لگے۔اسرائیلی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) کے مطابق صبح 7:03 پر ایران سے 20 سے 30 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔ یہ گزشتہ دو دنوں کے دوران ایران کی جانب سے سب سے بڑا حملہ بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کم از کم سات مختلف مقامات پر میزائل گرے، جن میں تل ابیب کے گوش دان علاقے کے تین مقامات شامل ہیں، جبکہ ایک میزائل بیئرشیوا میں سوروکا اسپتال پر گرا، جس سے اسپتال کی قدیم سرجیکل بلڈنگ بری طرح متاثر ہوئی۔تاحال 50 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر مریضوں اور اسپتال کے عملے کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ ہلاکتوں کے حوالے سے فی الحال کوئی باضابطہ تعداد جاری نہیں کی گئی۔
واقعے پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "ایران کے آمریت پسند دہشتگرد حکمرانوں نے بیئرشیوا کے اسپتال اور دیگر شہری علاقوں کو نشانہ بنایا ہے، جس کی انھیں بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔”ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے اس موقع پر کہا کہ ایرانی قوم پر مسلط کردہ جنگ کا ڈٹ کر سامنا کرے گی اور کسی بھی دباؤ کے آگے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ایرانی فوج نے تصدیق کی ہے کہ یہ کارروائی ’آپریشن وعدۂ صادق سوم‘ کے چودہویں مرحلے کا حصہ تھی، جس میں مقبوضہ علاقوں بشمول تل ابیب پر بیلسٹک میزائلوں کی زبردست بوچھاڑ کی گئی۔
ایران نے اسرائیل پر کلسٹر بم وارہیڈ والا بیلسٹک میزائل داغا، اسرائیلی اخبار کا دعوی
اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے آج داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل میں ’’کلسٹر بم وار ہیڈ‘‘ موجود تھا۔رپورٹ کے مطابق یہ کلسٹر وارہیڈ فضا میں پھٹ کر کئی چھوٹے چھوٹے بموں میں تقسیم ہو جاتا ہے، جو مختلف علاقوں پر گرتے ہیں۔ انہی میں سے ایک بم اسرائیلی شہر آزور میں ایک رہائشی گھر سے ٹکرایا، جس سے عمارت کو نقصان پہنچا۔
اخبار نے مزید بتایا کہ ایران کا دعویٰ ہے کہ اس کے پاس ایسے بیلسٹک میزائل موجود ہیں جو "ملٹیپل انڈیپینڈنٹلی ٹارگیٹیبل ری انٹری وہیکلز” (MIRV) ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، یعنی یہ میزائل بیک وقت متعدد اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اسرائیلی فوج نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ اگر زمین پر کسی میزائل کا ٹکڑا یا مکمل میزائل گرے، تو اس کے قریب ہرگز نہ جائیں کیونکہ وہ دھماکہ خیز مواد پر مشتمل ہو سکتا ہے اور جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔