ایرانی شہر اہواز میں ایک رہائشی عمارت میں خوفناک گیس دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دھماکا پیر کی صبح اس وقت ہوا جب عمارت کے اندر گیس لیک ہونے کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی اور زوردار دھماکے سے پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں جبکہ آس پاس کھڑی کئی گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ اب تک ملبے سے 6 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کے بعد عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے اور ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا تاہم ایرانی حکام نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات سامنے آسکیں۔علاقے کو سیکیورٹی اداروں نے گھیرے میں لے لیا ہے اور حادثے سے متاثرہ مقام پر عام شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔








