ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر پھر بڑا میزائل حملہ کیا، اور 100 کے قریب میزائل داغے دیئے، تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں دھماکے سنے گئے۔
اسرائیل کے دفاعی نظام نے کئی حملوں کو فضا میں ناکام بنانے کی کوشش کی۔ حیفا میں ایران کے میزائل حملوں سے پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی،حیفہ پاور پلانٹ پر میزائل حملے کے نتیجے میں وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہوگئی۔ اسرائیل کے وسطی علاقوں میں نقصانات ہوئے۔ تل ابیب میں بھی کئی راکٹ گرے ہیں۔ جن سے نقصانات ہوئے ہیں۔
اتوار کی رات بھی ایران نے اسرائیل کے متعدد مقامات پر میزائل حملے کئے تھے ۔جن سے کئی عمارتیں متاثر ہوئیں۔حیفا میں ایرانی میزائل حملے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔
اس سے پہلے ایران کے جوابی میزائل حملوں سے تل ابیب، حیفہ، تامرا، قیصریہ سمیت کئی اسرائیلی شہروں میں تباہی مچ گئی، کئی عمارتیں کھنڈر بن گئیں، حملوں میں 18 افراد ہلاک، 300 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ ایرانی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیل کا کوئی کونا رہنے کے قابل نہیں چھوڑیں گے، اسرائیلی آبادکار مقبوضہ علاقے فوری خالی کردیں
پیر کے روز تل ابیب کی ایک گلی میں خوف، ہنگامہ اور بے چینی کے مناظر دیکھنے میں آئے جب ایران کی طرف سے میزائل حملوں کی تازہ ترین لہر نے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔سی این این کے یروشلم کے نمائندے جیریمی ڈائمنڈ کے مطابق سڑکیں ملبے سے بھر چکی تھیں اور ریسکیو اور فوجی اہلکار ملبے میں پھنسے لوگوں کی تلاش میں مصروف تھے۔ حملے میں کم از کم چار بیلسٹک میزائل استعمال ہوئے۔ایک خاتون نے بتایا کہ وہ تہہ خانے میں تھی جب میزائلوں کے دھماکوں کا اثر محسوس کیا۔ "ہم ڈر کے مارے آہستہ آہستہ باہر نکلے، عمارتیں ہمارے ساتھ گر رہی تھیں۔”انہوں نے کہا، "دھوئیں کی بو تھی، مجھے اپنی ٹی شرٹ سے ناک ڈھانپنی پڑی تاکہ دھواں نہ سانس میں جائے۔ ہمیں یہ یقینی بنانا تھا کہ ہم سڑک پر چلتے ہوئے اس زہریلے دھوئیں کو سانس میں نہ لیں۔”
حملے کے مقام کے قریب ایک رہائشی عمارت جزوی طور پر گر چکی تھی اور ملبہ کئی بلاکس تک پھیلا ہوا تھا۔ جیریمی ڈائمنڈ کے مطابق کم از کم 10 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اسرائیلی حکام نے بتایا کہ اس تازہ حملے میں وسطی اسرائیل میں چار افراد ہلاک ہو گئے، جن میں تین پتہ ٹکوا اور ایک بنے بریک سے ہے۔ ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل حملوں نے وسطی اور ساحلی علاقوں میں کئی جگہوں کو نشانہ بنایا، جن میں رہائشی عمارتیں بھی شامل ہیں۔اسرائیل کی قومی ایمرجنسی سروس ماگن ڈیوڈ آدوم کے مطابق چار مختلف مقامات پر کارروائی کی گئی اور درجنوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ان ہلاکتوں کے بعد اسرائیل میں مارے گئے افراد کی تعداد 18 تک پہنچ گئی ہے
ایرانی میزائل حملوں کی وجہ سے اسرائیل کے مقامی بجلی کے نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے بتایا کہ حفاظتی خطرات، خاص طور پر بجلی کی کٹی ہوئی تاروں کی وجہ سے جھٹکے کے امکانات کو ختم کرنے کے لیے ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ریسکیو ٹیمیں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر رہی ہیں اور مرکزی اسرائیل میں دو بلند عمارتوں پر میزائل حملے کے بعد پھنسے ہوئے افراد کو نکال رہی ہیں۔ رائٹرز کے ایک ویڈیو میں ایک اپارٹمنٹ بلاک کی دیوار میں بڑا سوراخ دیکھا جا سکتا ہے جبکہ متعدد ایمرجنسی کارکنوں کو مریضوں کو لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ زخمیوں میں ایک دس سالہ لڑکا شدید حالت میں ہے اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ مزید متاثرین کی تلاش کی جا سکے۔تل ابیب کے ایک اسپتال میں آٹھ زخمیوں کو علاج فراہم کیا جا رہا ہے جن کی حالت معمولی سے معتدل بتائی گئی ہے۔
اسرائیلی پولیس کے مطابق ساحلی علاقے میں ایک میزائل کا اثر ہوا جس سے جائیداد اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ایرانی سرکاری میڈیا ے مطابق یہ حملے ایران کی جانب سے اسرائیل کی مسلسل حملوں کے جواب میں آٹھویں لہر ہیں۔