ایران کے صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مسعود پزشکیان کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ایوان وزیراعظم میں منعقدہ تقریب کے دوران دونوں ملکوں کے قومی ترانے پڑھے گئے، جس کے بعد مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی،صدر مسعود پزشکیان نے سلامی کے چبوترے سے اتر کر گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور جس کے بعد وزیراعظم نے ایرانی صدر کا اپنی کابینہ کا تعارف کرایا جبکہ مہمان صدر نے وزیراعظم شہریف کا اپنی کابینہ سے تعارف کرایا، بعدازاں ایرانی صدر ایوان صدر میں پودا لگایا۔

ایرانی صدر گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے اور اپنے دورے کے آغاز پر انہوں نے لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی، جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی غیر رسمی ملاقات کی تھی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی آج کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جن میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے ملاقات میں تجارت، توانائی، سرحدی تعاون، اور علاقائی امن و سلامتی جیسے اہم امور زیر بحث آئیں گے،ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کریں گے، جن میں پارلیمانی سطح پر تعاون کو فروغ دینے پر گفتگو ہوگی۔

وزیراعظم ہاؤس میں ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں اعلیٰ حکومتی اور سفارتی شخصیات شرکت کریں گی،آج شام ایرانی صدر کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات شیڈول ہے، جہاں دونوں صدور کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر گفتگو ہوگی صدر پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی متوقع ہے۔

Shares: