ایرانی وزیر خارجہ کا 29 جنوری کو پاکستان کا دورہ متوقع
پاک ایران کشیدگی کے درمیان حالات معمول پر لانے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے، ایرانی وزیر خارجہ 29 جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کےسفراء 26 جنوری کو اپنےعہدوں پر واپس پہنچ جائیں گے۔ایران اور پاکستان نے اپنے اپنے سفیروں کو واپس لوٹانے پر اتفاق کرلیا۔اسلامی جمہوریہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران نے مشترکہ پریس اعلامیہ جاری کیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور ایران کے وزراء خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں ممالک نے اپنے اپنے سفیروں کو واپس لوٹانے کر اتفاق کیاہے۔پاکستان اور ایران کے سفیر 26 جنوری تک اپنے اپنے عہدوں پر واپس لوٹ جائیں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر ایرانی وزیر خارجہ حسین عامر عبدالہیان 29 جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں گے،حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں ایران سے تعلقات کی بحالی کا مشن سونپا ہے۔قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے فیصلوں سے ایرانی حکومت کو آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔رابطوں اور سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی کےلئے جلیل عباس جیلانی کو ٹاسک دیا گیا ہے۔دونوں ممالک کے دفاع، داخلہ اور خارجہ امور کے اعلیٰ افسران کی کمیٹی بنے گی۔تعلقات کی بحالی کی پیش کش ایران کی طرف سے کی گئی تھی جس کا پاکستان نے مثبت جواب دیا اور دونوں ممالک نے سفیروں کو دوبارہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کی سرحد سے منسلک علاقے پنجگور میں میزائل داغے تھے جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔