پاکستان اور عراق کے درمیان باہمی تعاون میں مزید اضافہ

0
37

وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ ان کے دورہ عراق سے پاکستان اور عراق کے درمیان باہمی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا، دونوں ملکوں نے ہمیشہ مشکل میں ایک دوسرے کاساتھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو عراق کے تین روزہ سرکاری دورہ کے موقع پر بغداد میں عراقی ہم منصب ڈاکٹر فواد حسین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عراق کادورہ کرکے بہت خوشی ہوئی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان سے زائرین کی ایک بڑی تعدادہرسال عراق آتی ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عراق کے صدر ڈاکٹر عبداللطیف رشید سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان موجودہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور عراقی صدر نے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان احترام اور روایات پر مبنی گہرے برادرانہ قریبی تعلقات ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے عراقی عوام اور حکومت کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے ملاقات میں پاکستان کی جانب سے عراق کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کیلیے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے عراقی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مذید مظبوط کرنے کیلیے بھی عزم کا اظہار کیا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بغداد میں عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کے ساتھ ملاقات کی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں وزراءخارجہ کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان سفارتی تعلقات سمیت تعاون کی مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے عراق کے سرکاری دورہ کے موقع پر پاکستان اور عراق کے درمیان مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔ دونوں ملکوں نے ثقافتی تعاون کو بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت کئے۔

اس کے علاوہ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ پر ویزے کے خاتمہ کے لئے بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے تعاون کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔اس سے پہلے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا عراق کے تین روزہ سرکاری دورہ پر بغداد پہنچے پر عراقی نائب وزیر خارجہ سمیت دیگر عراقی حکام، بغداد میں پاکستان کے سفیر احمد امجد علی اور سفارت خانے کے سینئر افسران نے ایئر پورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو دورے کی دعوت عراق کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے دی ہے۔

Leave a reply