اس سے پہلے کہ کوئی بڑا قدم اٹھا لیں ہمیں واجبات دلوا دیں، نجی ٹی وی کے سابق کیمرہ مین کی صحافتی تنظیموں سے اپیل

0
30

اس سے پہلے کہ کوئی بڑا قدم اٹھا لیں ہمیں واجبات دلوا دیں، نجی ٹی وی کے سابق کیمرہ مین کی صحافتی تنظیموں سے اپیل
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے سابق سینئر کیمرہ مین نوید صادق نے پاکستان کی تمام صحافتی تنظیموں کے نام کھلا خط لکھا ہے

نوید صادق کا خط میں کہنا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں جہاں پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے اور تقریباً تمام ممالک میں لاک ڈاؤن اور کرفیو لگے ہیں جو لوگ اپنا کاروبار یا نوکریاں کر رہے تھے اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گیے ہیں ۔ میں 7 ماہ پہلے تک آپ نیوز لاہور بیورو آفس میں بطور سینئر کیمرہ مین اپنے فرائض انجام دے رہا تھا مجھے اچانک سے بنا کسی وجہ کے نوکری سے نکال دیا جاتا ہے میں ہی نہیں میرے جیسے بیشمار ورکرز کو بھی نوکریوں سے نکال دیا جاتا ہے کسی کی 2 ماہ کی تنخواہ اور کسی کی 3 یا 4 ماہ کی تنخواہ کے بقایا جات دیے بنا ہمیں فارغ کر دیا گیا اور کہا گیا کہ اگلے ماہ آپکو بقایا جات ادا کر دیے جائیں گے مگر 7 ماہ ہو گئے ہمیں ایک روپیہ بھی ادا نہیں کیا گیا

نوید صادق کا کہنا تھا کہ ہم تو جب نوکریوں سے نکالے گئے تب ہی ہمارا لاک ڈاؤن شروع ہو گیا تھا جہاں ابھی مُلک میں لاک ڈاؤن ہوئے چند روز ہی گزرے ہیں اور لوگوں کے گھروں میں فاقے شروع ہو گئے ہیں وہاں ہم لوگ پچھلے 7 ماہ سے فاقوں میں زندگی بسر کر رہے ہیں اور اب تو یہ عالم ہے کہ کچھ سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا کریں ۔ مگر اس ساری صورتحال میں کوئی بھی صحافتی تنظیم ہمارے لیے پچھلے 7 ماہ سے کچھ بھی نہیں کر رہی میری تمام تنظیموں کے عہداران سے ہاتھ جوڑ کر گذارش ہے خدارا ہمارے واجبات کے لیے کوئی عملی اقدام اٹھایا جائے ۔

نوید صادق کا کہنا تھا کہ کیا تب کوئی قدم اٹھائیں گے جب ہمارے میں سے حالات سے تنگ کوئی شخص خدانخواستہ بڑا قدم اٹھائے گا ۔ کوئی اپنے آپ کو حالات کی تنگی کی وجہ سے ختم کر لے گا ۔ کیا تب کوئی اقدام کریں گے ۔ آپ لوگوں کو رب کریم کا واسطہ ہے خدا کے لیے ہمارے لیے کچھ کریں ایک تو ہم نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور دوسرا اپنے واجبات سے اس لیے ایک بار پھرہاتھ جوڑ کر آپ سب عہدیداران سے گذارش کر رہا ہوں اس صورتحال میں ہمارے واجبات ہمیں دلوا دیں ۔

Leave a reply