نائب وزیرِ اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے وفد کے ہمراہ چین کے صدر شی جن پنگ سے مشترکہ ملاقات کی۔ اس موقع پر چین کے صدر نے تمام وفود کے سربراہان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ایس سی او کے کردار اور اس کے تحت خطے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم یوریشیا خطے کے وسیع رقبے اور دنیا کی سب سے بڑی آبادی کا حامل ایک اہم علاقائی فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او کی کوششیں خطے کی خوشحالی، امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرائی دینے اور باہمی اعتماد بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اپنی ملاقات میں پاکستان کی جانب سے خطے میں پائیدار ترقی، امن و امان اور ہم آہنگی کے لیے بھرپور تعاون کا عزم دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے ذریعے خطے میں باہمی اعتماد اور مشترکہ ترقی کے مواقع کو بڑھانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔محمد اسحاق ڈار نے چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بھی مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور اس شراکت داری کو علاقائی امن و خوشحالی کے لیے مفید سمجھتا ہے۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے عالمی اور خطائی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی موجود تھے جنہوں نے مشترکہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

Shares: