اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، سابقہ سیکریٹریز خارجہ کی شرکت
وزیرِ خارجہ اور نائب وزیرِ اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی سابقہ سیکریٹریز خارجہ سے مشاورت کی اجلاس کی صدارت
اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سابقہ سیکریٹریز خارجہ کے ساتھ ایک اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس کا مقصد عالمی اور خطے کی صورتحال پر غور کرنا اور ان کی تجاویز کی بنیاد پر پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
اس اجلاس میں اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں سابق سیکریٹریز خارجہ شامل تھے،اجلاس میں انعام الحق،
سلمان بشیر،جلیل عباس جیلانی،مسعود خان، اعزاز چوہدری،محترمہ تہمنہ جنجوعہ،سہیل محمود، سائرَس قاضی شریک ہوئے،یہ مشاورتی اجلاس اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ حکومت پاکستان عالمی اور خطے کی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے خارجہ تعلقات کو مستحکم اور مربوط بنانے کے لیے سابقہ تجربہ کار حکام سے مشورے لے رہی ہے۔
اجلاس میں عالمی سطح پر جاری مسائل جیسے کہ علاقائی تنازعات، عالمی طاقتوں کے تعلقات، اقتصادی چیلنجز اور سکیورٹی کے امور پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے ممکنہ پالیسیوں پر بھی مشورے دیے گئے جن کی مدد سے پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کو مزید مستحکم کر سکتا ہے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر سابقہ سیکریٹریز خارجہ کی پیش کردہ تجاویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کی مشاورت حکومت کے لیے نہایت قیمتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس قسم کی مشاورت سے پاکستان کی خارجہ پالیسی مزید مؤثر اور کامیاب ہو گی۔اجلاس میں عالمی اور علاقائی مسائل کی روشنی میں پاکستان کے مفادات کے تحفظ کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر غور کیا گیا، جس میں خصوصاً بھارت، افغانستان اور دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔