نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلپو گرانڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کی صورتحال پر گہری بات چیت ہوئی،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اس اہم نشست میں افغان مہاجرین سے متعلق متعدد پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہائی کمشنر گرانڈی نے خصوصی طور پر پاکستان کی مہمان نوازی اور فراخدلی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے متعدد چیلنجز کے باوجود افغان مہاجرین کی میزبانی میں بے مثال کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات میں افغان مہاجرین کے مستقبل پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مہاجرین کی محفوظ، باوقار اور رضاکارانہ واپسی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے طویل مدتی اور پائیدار حل تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے افغان مہاجرین کے حقوق کا تحفظ کرتا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر اس مسئلے کے حل کے لیے کوشاں رہے گا۔فلپو گرانڈی نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو بھی اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی مدد صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں، بلکہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔اس ملاقات سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ افغان مہاجرین کے مسئلے پر جلد کوئی ٹھوس پیش رفت ہو سکے گی۔

Shares: