نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر خارجہ او آئی سی اجلاس میں شرکت کریں گے
ترجمان دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والے او آئی سی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ یہ اجلاس ایران اور فلسطین کی درخواست پر بلایا گیا ہے، جس میں اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر کیے جانے والے حملوں اور دیگر اہم علاقائی مسائل پر گفتگو کی جائے گی۔اجلاس میں فلسطینی کاز کی حمایت میں پاکستان کے کردار پر زور دیا جائے گا۔ اس موقع پر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار غزہ اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کے موقف کو اجاگر کریں گے اور فوری امن اور امداد کی فراہمی پر زور دیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اس اجلاس کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار او آئی سی کے رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، تاکہ علاقائی مسائل اور فلسطین کی صورتحال پر مشترکہ اقدامات پر بات چیت کی جا سکے۔ پاکستان نے ہمیشہ او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر فلسطین کی حمایت میں اپنی آواز بلند کی ہے اور اس اجلاس میں بھی اپنے مضبوط موقف کو پیش کرے گا۔