مزید دیکھیں

مقبول

تعلقات میں نئی اُمنگ، 22اپریل کو اسحاق ڈار بنگلہ دیش کا تاریخی دورہ کریں گے

اسلام آباد (باغی ٹی وی) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار رواں ماہ اپریل کے تیسرے ہفتے میں بنگلہ دیش کا تاریخی دورہ کریں گے۔ یہ دورہ 2012 کے بعد کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ہوگا، جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

حنا ربانی کھر بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والی آخری وزیر خارجہ تھیں، جنہوں نے شیخ حسینہ کو ڈی 8 سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے یہ دورہ کیا تھا۔

شیخ حسینہ کے دور حکومت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں سرد مہری رہی اور پاکستان کی جانب سے تعلقات میں بہتری کی کوششوں کا کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا۔ تاہم گزشتہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد دوطرفہ تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی اور اعلیٰ سطحی رابطے بحال ہوئے۔

بنگلہ دیش نے پاکستانی برآمدات پر عائد پابندیاں ختم کر دیں، جس سے تجارت میں اضافہ ہوا، سمندری راستے سے براہ راست تجارت شروع ہوئی، اور براہ راست پروازوں پر بھی اتفاق ہوا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات بھی مضبوط ہوئے۔

جنوری میں بنگلہ دیش کے اعلیٰ فوجی حکام نے پاکستان کا دورہ کیا جو شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہے۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار 22 اپریل کو تین روزہ دورے پر بنگلہ دیش پہنچیں گے، جہاں وہ بنگلہ دیش کے عبوری چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر محمد یونس کے علاوہ اپنے ہم منصب توحید حسین اور بنگلہ دیشی کابینہ کے دیگر ارکان سے ملاقاتیں اور مذاکرات کریں گے۔ اس دورے کے دوران، متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہونے کی توقع ہے۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں