لنڈی کوتل(مہد شاہ شینواری) پاکستان بارڈر ٹریڈ کونسل کے چیئرمین اور مشیر برائے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سید جواد حسین کاظمی نے پاکستان کے ڈپٹی پرائم منسٹر اسحاق ڈار کے دورہ افغانستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں ممالک کے عوام اور خاص طور پر تاجر برادری کے لیے انتہائی سود مند ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ پاک افغان تعلقات کی بحالی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
جاری کیے گئے ایک اخباری بیان میں سید جواد حسین کاظمی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان خطے میں معاشی، تجارتی اور سیاسی استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان وفود کے حالیہ تبادلوں کو تعلقات کی بحالی کا اشارہ قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار دورہ کابل کے دوران افغانستان کے قائم مقام وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات کریں گے۔ دونوں ممالک کے عوام نے اس دورے سے بہت سی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔ انہوں نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں سہولت فراہم کی جائے۔ خاص طور پر علاج کے لیے آنے والے افغان شہریوں کو ویزہ اور پاکستانی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ تعلیم اور تدریس کے لیے آنے والے طلباء کو ویزہ میں آسانیاں فراہم کی جائیں۔
سید جواد حسین کاظمی نے کہا کہ درآمدات اور برآمدات میں پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے پر انحصار کرتے ہیں۔ اس لیے دونوں ممالک تجارتی گزرگاہوں پر سہولیات اور آسانیاں پیدا کریں اور ایسی پالیسیاں مرتب کریں جس سے باہمی تجارت کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک تجارت کے حوالے سے مفاہمتی پالیسی اپنائیں تو تاجر برادری پاکستان کو سالانہ 10 ارب ڈالرز ریونیو فراہم کرنے کی ضمانت دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی درآمدات وسطی ایشیا اور یورپ تک پہنچائیں گے اور تجارت کے ذریعے لاکھوں شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے جس سے امن و امان پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔