نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار 17 سے 19 اگست تک برطانیہ کا دورہ کریں گے-
وزارتِ خارجہ (ایف او) کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ 2011 سے اینامنسڈ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں مصروف ہیں، جس نے دونوں ممالک کے درمیان مکالمے کو گہرا اور وسیع کیا ہے، یہ مکالمہ تجارت، معاشی ترقی، ڈیولپمنٹ، ثقافتی تعاون، سیکیورٹی اور تعلیم جیسے شعبوں کا احاطہ کرتا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ اسحٰق ڈار لندن میں برطانیہ کی نائب وزیر اعظم اینجلا رینر، پاکستان کے لیے پارلیمانی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ ہی مش فالکنر کے ساتھ ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ دولتِ مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی آیورکور بوچوے کے ساتھ ناشتے پر ملاقات بھی کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسحٰق ڈار پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ایک منصوبے کا افتتاح بھی کریں گے، جو لندن میں پاکستان ہائی کمیشن میں پائلٹ کیا گیا تھا، یہ منصوبہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو زمین سے متعلق دستاویزاتی مسائل کو پاکستان میں دور سے حل کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ اسحٰق ڈار برطانوی پارلیمنٹیرینز، کشمیری رہنماؤں اور برطانوی نژاد پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
اس سے قبل اسی ماہ پاکستان اور برطانیہ نے اہم شعبوں میں شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا، راولپنڈی میں اعلیٰ سطحی مذاکرات کے دوران خاص طور پر دفاعی تعاون اور اسٹریٹیجک ڈائیلاگ پر زور دیا گیا تھا۔
جولائی میں برطانیہ کی حکومت نے پاکستانی طلبہ اور کارکنوں کے لیے ای-ویزے کا اجرا کیا تھا، جو ایک جدید بارڈر اور امیگریشن سسٹم کا حصہ ہے۔