نام کتاب : اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں
ناشر : دارلسلام انٹرنیشنل ، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور

مرتب : محمد حنیف شاہد
صفحات : 416
قیمت : 990روپے
برائے رابطہ : 042-37324034
زیر نظر کتاب ( اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ )” Why Islam Is Our Only Choice “کا اردو ترجمہ ہے ۔اس کتاب کو مرتب کرنے والے محمد حنیف شاہد ہیں جو نامور محقق اور متعدد کتابوں کے مصنف اور مرتب ہیں۔ انہیں اسلام سے گہری محبت ہے۔ انھوں نے اپنی زندگی کا زیادہ تر حصہ تعلیم وتعلم میں صرف کیا ہے ۔ محمد حنیف شاہد کی علمی وجاہت اور قدرومنزلت کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ ان کی کتابیں دنیا کے معتبر کتب خانے لائبریری آف کانگریس واشنگٹن ڈی سی ( امریکہ ) میں بھی محفوظ ہیں ۔ اس کتاب میں ان خوش نصیبوں کے ذاتی تاثرات ، مشاہدات اور قیمتی خیالات جمع کئے گئے جو غیر مسلم گھرانوں میں پیدا ہوئے اور پھر وہ اسلام کی حقانیت وصداقت سے متاثر ہو کر حلقہ بگوش اسلام ہوئے اس طرح سے انھیں اسلام کی نعمت اور دولت عطا ہوئی۔ اس کتاب میں حلقہ بگوش اسلام ہونے والوں نے یہ بتایا ہے کہ وہ اسلام سے اس قدر متاثر کیوں ہوئے کہ انہوں نے اپنے آباو اجداد کے مذاہب کو چھوڑنے کا بہت بڑا اور انتہائی مشکل فیصلہ کر ڈالا۔ اس سے یہ صاف ظاہر ہے کہ اسلام ہی دین واحد ہے جسے روزانہ بہت بڑی تعداد میں لوگ قبول کر رہے ہیں۔ اگرچہ اسلام قبول کرنے والوں میں ہر طبقہ کے لوگ شامل ہیں ۔ مگر اس کتاب میں زیادہ تر پڑھے لکھے اور باشعور لوگوں کی آرا ءشامل کی گئی ہیں۔

کتاب کا انگریزی کا ترجمہ پروفیسر منور علی ملک نے کیا ہے محمد حنیف شاہد کی کتاب اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں بطور محقق ان کی زندگی بھر کی خدمت اسلام کا ایک حصہ ہے ۔یہ کتاب زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مختلف افراد کے قبول اسلام کے حوالے سے واقعات، تجربات، سابقہ عقائد ، اسلام کے بارے میں تاثرات اور قبول اسلام کی وجوہات پر مشتمل ہے۔اس کتاب میں جن لوگوں کے بیانات، احساسات اور خیالات شامل کیے گئے ہیں ان میں سے اکثر اپنی قوموں کے روسا ، معززین ، دانشور، سائنسدان ، اعزاز یافتہ ، با رسوخ ، دولت مند ، عام افراد، پیشہ ور ماہرین، خواتین یہاں تک کہ اخلاق باختہ لوگ بھی شامل ہیں ۔ اس کتاب کا تحقیقی مواد کرہ ارض کے طول و عرض میں پھیلی ہوئی مختلف قومیتوں اور مذہب سے لیا گیا ہے ۔کتاب کاتحقیقی مواد دو صدیوں سے زائد عرصے کا احاطہ کرتا ہے ۔کتاب 6ابواب پر مشتمل ہے ۔ پہلے باب کا عنوان ہے ” اسلام کی آغوش میں “ اس باب میں 45افراد کے قبول اسلام کے واقعات بیان کیے گیے ہیں ۔ دوسرے باب کا عنوان ہے ” خواتین اسلام کی دہلیز پر “ اس باب میں 22خواتین کے حلقہ بگوش اسلام ہونے کے ایمان افروز واقعات درج ہیں ۔ تیسرے باب کا عنوان ہے ” اسلامی عقائد اور تعلیمات کے بارے میں اسلام قبول کرنے والوں کے تاثرات “ اس باب میں 58نومسلم بہن بھائیوں کے اسلام کے بارے میں دل موہ لینے اور ایمان تازہ کردینے والے تاثرات سپرد قلم کئے گئے ہیں ۔چوتھے باب کا عنوان ہے ” اسلام کے بارے میں اسلام قبول کرنے والوں کے مختصر خیالات “ اس باب میں 18نومسلم مرد وخواتین کی آراءشامل کی گئی ہیں ۔

پانچویں باب کا عنوان ہے ” قرآن حکیم کے بارے میں اسلام قبول کرنے والوں کے خیالات “ اس باب میں 11مرد وخواتین کے قرآن مجید کے بارے میں انتہائی خوبصورت خیالات شامل کئے گئے ہیں ۔ آخری باب کا عنوان ہے ” نبی کریم کے بارے میں نومسلموں کے خیالات “جن انتہائی قابل احترام مرد وخواتین کی آراءکتاب میں شامل کی گئی ہیں ان میں سے برطانیہ کے سٹینلے اینیان کہتے ہیں ” مجھے اسلام ہی مطلوب تھا “ ڈنمارک کے علی احمد ہولمبو کہتے ہیں ” مستقبل کا دین اسلام کے علاوہ کوئی اور نہ ہوگا “ ۔امریکہ کے کرنل راک ویل کہتے ہیں ” اعتدال اور تقوی اسلام کی کلیدی خصوصیات ہیں “ ٹی ۔ ایچ میک بارکلی کہتے ہیں ” اسلام واحد دین ہے جو جدید تہذیب کے لیے ہمیشہ قابل قبول رہے گا “ ۔ اے ایم ٹی کہتے ہیں ” میں اسلام کے لئے زندہ ہوں جو ہمیشہ قائم رہے گا “ بلجئیم کے ٹی یوڈ ڈئینیل کہتے ہیں ” صرف شریعت محمدی ہی امن وآشتی کی ضامن ہے ۔یہ تو صرف چند ایک مثالیں ہیں ساری کتاب ہی سونے پر سہاگہ ہے اور پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے ۔ ان حالات میں جبکہ یورپ میں اسلام دشمنی کا عفریت انگڑائیاں لے رہا ہے ہمارے لیے اس کتاب کا مطالعہ بے حد ضروری ہے تاکہ اسلام کے خلاف پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کا ہم شافی وکافی جواب دے سکیں ۔

Shares: