دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عالمی ہفتے کا آغاز ہوگیا ہے۔ یہ ہفتہ دنیا بھر میں مختلف مذہبی برادریوں کے مابین مکالمہ، ہم آہنگی اور تعاون کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔
وزیرِ اعظم پاکستان، محمد شہباز شریف نے عالمی ہفتہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ہفتہ دنیا بھر میں مذہبی برادریوں کے درمیان امن، محبت اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کا تصور، جو قائدِ اعظم محمد علی جناح نے پیش کیا تھا، ایک ایسا ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو مساوی حقوق اور آزادی حاصل ہو۔شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا دین اسلام انصاف، رحم اور تمام مخلوقات کے احترام پر مبنی ہے، جو ہمیں ایک مثالی معاشرتی رویہ اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ہر سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی اور معاشرتی اتحاد کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے مذہبی رواداری کی پالیسیوں پر عمل جاری رکھے گی۔انہوں نے مذہبی اسکالرز اور کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ معاشرتی بھائی چارے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہیے جہاں انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہ ہو۔وزیراعلیٰ پنجاب
وزیرِ اعلیٰ پنجاب، مریم نواز نے بھی بین المذاہب ہم آہنگی کے عالمی ہفتے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب سب کا ہے اور یہاں ہر شخص کو اپنے عقائد کے مطابق عبادت کرنے کی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب محبت، امن اور رواداری کا درس دیتے ہیں، جو کہ ایک حقیقی فلاحی معاشرے کی بنیاد ہے۔مریم نواز نے کہا کہ عقائد کا احترام اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہی پائیدار امن اور ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے مختلف مذاہب، ثقافتوں اور روایات کا حسین گلدستہ رہا ہے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ اقلیتی برادری کے افراد کے لیے کئی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، اقلیتی افراد کے لیے مالی معاونت کے پروگرامز اور تعلیمی و روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جا رہا ہے،مریم نواز نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ہم سب کو محبت، بھائی چارے اور امن کا پیغام عام کرنا چاہیے اور ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہیے جہاں انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہ ہو۔
بین المذاہب ہم آہنگی کے عالمی ہفتے کا آغاز ایک اہم سنگ میل ہے جو دنیا بھر میں مختلف مذہبی برادریوں کے درمیان امن اور محبت کے رشتہ کو مضبوط کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان میں بھی حکومت اور عوام کی جانب سے اس مقصد کو بڑھاوا دینے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں تاکہ معاشرے میں مذہبی رواداری اور اتحاد کو فروغ دیا جا سکے۔
فلاڈیلفیا: ایمبولینس طیارہ گر کر تباہ، 6 افراد ہلاک
ڈی جی خان: جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، پولیس کا بھرپور جواب