اسلام آباد کے علاقے تھانہ آئی نائن کی حدود رمشا کالونی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک ہی گھر سے 3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم موقع پر پہنچی تو گھر کے اندر سے ایک مرد اور اس کے دو بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔ مرنے والوں میں باپ، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر اموات کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاکہ اموات کی اصل وجہ سامنے آسکے۔ پولیس کے مطابق یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ہلاکتیں زہرخورانی کے باعث ہوئیں یا کوئی اور وجہ ہے، اس حوالے سے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس نے اہلِ محلہ اور قریبی افراد کے بیانات بھی قلمبند کیے ہیں تاکہ معاملے کی حقیقت تک پہنچا جا سکے۔

Shares: