اسلام آباد میں بسنت پر پابندی، جبکہ راولپنڈی میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی
وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بسنت پر پابندی عائد کر کے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں پتنگ بازی پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے۔ڈی سی اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کوپتنگ بازی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ شہری پتنگ بازی سے بچوں کو باز رکھیں تاکہ قیمتی جانوں کو محفوظ رکھا جائے۔
دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 260 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔کسی زخمی کے چہرے پر اور کسی کے جسم کے دیگر حصوں پر ڈور پھری۔ زخمی افراد کو بے نظیر بھٹو اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال کی ایمرجنسی میں زخمیوں کے رش کے باعث دیگر افراد کا داخلہ بند کیا گیا۔زخمیوں میں راولپنڈی کا 7 سالہ عبداللہ، دس سالہ مصطفی، راول روڈ پر زخمی ہونے و الا 14 سالہ شہیر اور 13سالہ عبدالرافع شامل ہیں۔اس کے علاوہ 45 سالہ نورزادہ ، 48 سالہ امتیاز ، بائیس سالہ رجب ، 12سالہ صفیان، 10سالہ اسماعیل اور 7 سالہ ہادی بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔بسنت کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں 13سالہ فاطمہ ، 10سالہ مجاہد، عبداللہ اور امجد بھی شامل ہیں۔
راولپنڈی پولیس 260 سے زائد افراد گرفتارکرلئے گئے، جب کہ 15 ہزار سے زائد پتنگیں اور ڈوریں، 11 پستول اور ساؤنڈ سسٹمز قبضے میں لے لیے۔پولیس کے مطابق پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن رات گئے تک جاری رہے گا، پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، متعلقہ گھروں، عمارتوں کے مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔