وفاقی دارالحکومت کے مصروف ترین علاقے سیکٹر I-8 میں جمعرات کی دوپہر تین مسلح ڈاکوؤں نے ایک پیٹرول پمپ پر 55 لاکھ روپے کی نقدی لوٹ لی۔ پولیس کے مطابق یہ واردات انتہائی منصوبہ بندی کے تحت کی گئی، جب پیٹرول پمپ کے منیجر نے روزانہ کی آمدن کو بینک منتقل کرنے کی تیاری کی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور ان کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ واردات کے دوران ملزمان نے اسلحہ تان کر اسٹیشن منیجر اور دیگر عملے کو یرغمال بنایا، کیش بیگ چھینا اور چند منٹوں میں موقع سے فرار ہوگئے،عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو انتہائی پرسکون انداز میں کارروائی کر رہے تھے، جبکہ موٹر سائیکلوں پر نمبر پلیٹس نصب نہیں تھیں۔ واردات کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا،پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی گئی ہیں جن میں ملزمان کے چہرے واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔ تفتیشی ٹیموں کو فوٹیجز کی بنیاد پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ ایک پیشہ ور گروہ کی کارروائی معلوم ہوتی ہے جو اس سے قبل بھی شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کر چکا ہے،اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر 15 ہیلپ لائن یا قریبی تھانے کو دیں تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔

Shares: