اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کچہری دھماکے کی تفتیش میں ایک اور اہم پیشرفت سامنے آ گئی، دھماکے میں استعمال ہونے والی خودکش جیکٹ تیار کرنے والا درزی اور جیکٹ اسلام آباد پہنچانے والا سہولتکار دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق خودکش جیکٹ پشاور میں تیار کی گئی تھی جہاں اسے کچھ دن کے لیے ایک درزی کے پاس رکھا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ درزی کو اس بات کا علم تھا کہ وہ جس جیکٹ پر کام کر رہا ہے، وہ ایک خودکش جیکٹ ہے۔ انٹیلیجنس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ درزی کو گرفتار کر لیا ہے۔مزید معلومات کے مطابق خودکش جیکٹ کو پشاور سے اسلام آباد لانے کے لیے گڑکی بوری کا استعمال کیا گیا۔ سہولتکار نے جیکٹ کو انتہائی رازداری سے اسلام آباد منتقل کیا، جسے بعد ازاں حساس اداروں نے ایک خفیہ اطلاع پر گرفتار کر لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں گرفتار شدہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگلے چند روز میں دھماکے کے منصوبہ سازوں، معاون نیٹ ورک اور دیگر سہولتکاروں سے متعلق مزید اہم انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔ تفتیشی ٹیمیں اس معاملے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہیں تاکہ مکمل نیٹ ورک تک پہنچ کر آئندہ ایسے دہشت گرد حملوں کو روکا جا سکے۔

Shares: