اسلام آباد کچہری خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی۔
تحقیقاتی اداروں نے خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی جس کے مطابق خودکش حملہ آور باجوڑ میں رہائش پذیر تھا،ابتدائی رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ آور جمعہ کے روز اسلام آباد پہنچا، حملہ آور پیرودھائی سے موٹر سائیکل پر جی الیون کچہری آیا،ذرائع کےمطابق ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ خودکش حملہ آور نے چادر اوڑھی ہوئی تھی۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 8 کلو گرام تک بارودی مواد اور بال بیرنگز استعمال کیے گئے ، ابھی تک جو شواہد اکٹھے کیے گئے اس کے مطابق حملہ آور ایک ہی تھا،ایک موٹر سائیکل اور گاڑی کو مشکوک تصور کیا جا رہا ہے، کیمروں کی بیک ٹریکنگ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، فارنزک، سی ٹی ڈی، انویسٹی گیشن، سیف سٹی اور حساس ادارے شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کے جی الیون سیکٹر میں کچہری کے نزدیک خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے اسلام آباد میں منگل کی دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے جی الیون سیکٹر کی کچہری کے نزدیک زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔پولیس کا کہنا ہےکہ موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور پولیس کی گاڑی کے قریب پہنچا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جب کہ خودکش حملہ آور کے اعضا اڑ کر کچہری کے اندر جاگرے








