وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے حساس ترین علاقے بلیو ایریا میں گزشتہ رات فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں وزارتِ ہاؤسنگ کے ذیلی ادارے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر لینڈ احسان الٰہی کو قتل کر دیا گیا۔
احسان الٰہی بلیو ایریا کے ایک ہوٹل میں کھانا کھانے کے بعد باہر نکلے تو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گولیوں کی بوچھاڑ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے پمز اسپتال منتقل کی گئی، جہاں صبح تک ایف آئی آر درج نہ ہونے کے باعث ورثاء اور ساتھی افسران میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔
وفاقی وزیر ہاؤسنگ ریاض حسین پیرزادہ بھی پمز اسپتال پہنچے اور مقتول کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے اظہارِ افسوس کیا۔ انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات یقینی بنائی جائے۔ادھر ایف جی ای ایچ اے کے افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد اسپتال میں جمع ہو گئی، جنہوں نے احسان الٰہی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیرِ داخلہ نے ہدایت کی کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں اور ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے۔پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔








