اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں شدید بارش کے باعث آئے سیلابی ریلے میں گاڑی سمیت بہہ جانے والے ایک شخص کی لاش مل گئی ہے، تاہم اس کی بیٹی کی تلاش تیسرے روز بھی جاری ہے۔

اسلام آباد میں گزشتہ چند روز سے جاری موسلا دھار بارش نے کئی علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ اسی دوران ریٹائرڈ کرنل اسحاق اپنی بیٹی کے ہمراہ گھر سے نکلے تھے کہ اچانک ان کی گاڑی خراب ہو گئی۔ اس دوران سیلابی پانی کا ریلہ آ گیا، جس میں وہ دونوں گاڑی سمیت بہہ گئے۔ واقعے کے بعد دونوں لاپتہ ہو گئے تھے۔گزشتہ دو روز سے ریسکیو ٹیمیں ان کی تلاش میں مصروف ہیں۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے اندر واقع برساتی نالے میں پہلے سرچ آپریشن مکمل کیا گیا تھا، لیکن وہاں سے کچھ خاص کامیابی نہیں ملی۔ بعد ازاں سرچ آپریشن دریائے سواں کے داخلی اور خارجی راستوں پر منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو حکام نے گزشتہ روز گاڑی کا بمپر اور سائیڈ مرر تو دریائے سواں سے برآمد کر لیے تھے، تاہم پوری گاڑی یا دونوں افراد کا سراغ نہیں ملا تھا۔ اس کے بعد پانی کی سطح میں کمی کے ساتھ سرچ آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

آج ریسکیو ٹیموں کو متاثرہ گاڑی کا بونٹ اور دروازہ دریائے سواں پل کے نیچے سے بھی مل گیا ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ گاڑی اس جگہ سے گزر کر سیلابی پانی میں بہہ گئی تھی۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کے رکنے اور پانی کی سطح کم ہونے کے باعث آج سرچ آپریشن مکمل ہونے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے تاکہ لاپتہ افراد کو جلد بازیابی ممکن ہو۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اسلام آباد میں موسمی تبدیلی اور نا مناسب نکاسی آب کے مسائل کو اجاگر کرتا ہے، جس کے باعث شہر کے کئی حصے سیلاب کی لپیٹ میں آ جاتے ہیں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Shares: