اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی سہولت کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔
اس فیصلے کا مقصد زیادہ سے زیادہ امیدواروں کو انتخابی عمل میں شرکت کا موقع فراہم کرنا اور کاغذاتِ نامزدگی کی تکمیل کے لیے مناسب وقت مہیا کرنا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کی مدت میں دو دن کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اب امیدوار 30 دسمبر 2025 تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کرا سکیں گے۔ اس سے قبل کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 27 دسمبر 2025 مقرر کی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ متعدد امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے اضافی وقت دینے کی درخواستیں موصول ہو رہی تھیں، جس کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق اس توسیع سے نہ صرف انتخابی عمل میں شفافیت بڑھے گی بلکہ مقامی سطح پر جمہوری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔







