اسلام آباد: تھانہ سمبل کے علاقے میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں حراست میں موجود بینک ڈکیتیوں میں ملوث ملزم سلیمان ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم ملزم کو برآمدگی کے لئے لے کر جارہی تھی۔ پولیس پارٹی نے جب گولڑا موڑ کے قریب پہنچنے کی کوشش کی تو ملزمان نے اچانک ان پر فائرنگ کردی۔ تاہم، پولیس جوانوں نے بلٹ پروف جیکٹس پہن رکھی تھیں جس کی وجہ سے وہ محفوظ رہے۔ ملزمان کی فائرنگ سے ملزم سلیمان شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سلیمان حالیہ بینک ڈکیتیوں میں ملوث تھا اور اس کی گرفتاری کے بعد متعدد کیسز میں پیش رفت ہوئی تھی۔

Shares: