اسلام آباد میں سیف سٹی سسٹم کو وسعت دینے کیلئے مزید تین ہزار سے زائد کیمرے لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران آن لائن ویمن پولیس سٹیشن اور ون انفو ایپ کا افتتاح کیا اور سیف سٹی کی ڈیجیٹل وال پر شہر کی مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا،وزیر داخلہ نے خواتین اور کمزور طبقات کی فوری مدد کیلیے آن لائن پلیٹ فارمز فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایپ اور آن لائن ویمن پولیس سٹیشن جدید ٹیکنالوجی کے عکاس ہیں ،ون انفو ایپ سے ایمرجنسی شکایات درج کرائی جا سکیں گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ نے جرائم کی روک تھام اور فوری رسپانس میں اہم کردار ادا کیا ہے،انہوں نے سیف سٹی کی مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی،‎‎‎سرویلنس کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی اور اے آئی سے لیس کیا جائے، اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کیلئے سیف سٹی منصوبے کو ماڈل کے طور پر اپنایا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے سیف سٹی اسلام آباد کو دیگر سیف سٹییز سے منسلک کرنے پر بھی کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ‎‎‎تمام سیف سٹیز کو آپس میں جوڑنے سے ڈیٹا شیئرنگ میں بہتری آئے گی۔

Shares: