الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا
الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 فروری کو ہونگے،الیکشن کمیشن نے بلدیاتی قانون 2015 کے مطابق انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 140(A) اور 219(d)، الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 219، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 اور متعلقہ رولز کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے شیڈول جاری کیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں امیدواروں کی نامزدگی، چھان بین، فہرستوں کی اشاعت اور پولنگ تک کا مکمل انتخابی ٹائم لائن جاری کیا گیا ہے۔نامزدگی فارم جاری کرنے کی تاریخ 19 دسمبر 2025تک ہے،امیدواروں کے نامزدگی فارم جمع کرانے کا مرحلہ
22 دسمبر 2025 سے 27 دسمبر 2025 تک ہے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 دسمبر 2025 سے 3 جنوری 2026 تک کی جائے گی،ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی مدت 5 جنوری 2026 سے 8 جنوری 2026 تک ہو گی،اپیلیٹ اتھارٹی کی جانب سے اپیلیں نمٹانے کی تاریخیں 9 جنوری 2026 سے 13 جنوری 2026 تک ہوں گی،نظرِ ثانی شدہ امیدواروں کی فہرست کی اشاعت 14 جنوری 2026 کو کی جائے گی،امیدواروں کی حتمی فہرست کی اشاعت 15 جنوری 2026 کو ہو گی،الیکشن نشان الاٹ کرنے اور امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے کی تاریخ 16 جنوری 2026ہے،
نوٹیفکیشن کے دوسرے حصے میں الیکشن کمیشن نے شفافیت یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات بھی جاری کی ہیں جس کے مطابق تمام وفاقی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کوئی ترقیاتی منصوبہ یا سرکاری وسائل استعمال کرکے انتخابی عمل پر اثرانداز نہ ہوں۔سرکاری ملازمین کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کوئی اہلکار اپنے عہدے کے اختیار کا غلط استعمال کرکے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔الیکشن پروگرام کے اجراء کے بعد حکومتی اشتہارات، ترقیاتی اعلانات اور غیر ضروری سرکاری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔








