الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ دے دی
الیکشن کمیشن نے 29 ستمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کردیا اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 29 ستمبر کو ہوں گے، بلدیاتی انتخابات کے لیے ریٹرننگ افسر پبلک نوٹس آویزاں کریں گے، کاغذات نامزدگی 16 سے 20 اگست تک جمع کروائے جاسکیں گے،کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 اگست سے 26 اگست تک ہوگی، کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 27 سے 29 اگست تک دائر ہوں گی،کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 5 ستمبر ہے، امیدواروں کو انتخابی نشانات 6 ستمبر کو الاٹ ہوں گے،اس دوران ایگزیکٹیو اتھارٹی اسلام آباد میں کسی نئی اسکیم کا اعلان نہیں کریں گی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کروائی تھی کہ 29 ستمبر تک دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کروا دیئے جائیں گے،عدالت نے وفاقی دارالحکومت میں نئے ریٹ پر پراپرٹی ٹیکس نوٹس معطل کردیے اور ریمارکس دیئے کہ پٹیشنرز کو پرانے ریٹ پر پراپرٹی ٹیکس جمع کرانا ہوگا،جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ 125 یونین کونسل کی حد تک حلقہ بندیاں ہو چکیں نئی کی ضرورت نہیں،سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے اسلام آباد ہائیکورٹ کا بھی فیصلہ ہے لوکل گورنمنٹ الیکشن کرانے ہیں،کیا بانی پی ٹی آئی ، نواز شریف ، شہباز شریف سب کی حکومتیں اس کی ذمہ دار ہیں کسی نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ الیکشن نہیں کرائے،جسٹس محسن اختر کیانی نے الیکشن کمیشن وکیل کو ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نیشنل اسمبلی کے حلقوں سے یونین کونسل کو مکس نا کریں،ہر دو تین ماہ بعد کیا نئی حلقہ بندیاں ہوں گی ؟وفاقی حکومت سے پوچھ کر آئیں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ الیکشن کی تاریخ بتا دیں،اگر تاریخ نا دی تو وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو بھی توہین عدالت کا نوٹس کروں گا ،