اسلام آباد: سی ٹی ڈی اسلام آباد نے ایک خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک اہم دہشت گرد حسن کو گرفتار کر لیا، جو حساس مقامات کی ویڈیوز بنا کر پھیلانے میں ملوث تھا۔ گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے بتایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، حسن اسلام آباد اور کراچی کے حساس علاقوں کی ویڈیوز بنا کر انہیں سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے پھیلانے میں مصروف تھا، جس کا مقصد ملک کی سیکیورٹی کو نقصان پہنچانا اور دہشت گردانہ مقاصد کے لیے معلومات فراہم کرنا تھا۔تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ حسن خیبر پختونخوا میں کئی دہشت گرد کارروائیوں میں براہِ راست ملوث رہا ہے۔ اس کے علاوہ، وہ ٹی ٹی پی کے لیے فنڈنگ حاصل کرنے اور دیگر دہشت گردوں سے روابط قائم رکھنے جیسے اہم کاموں میں بھی سرگرم رہا ہے۔سی ٹی ڈی کی اس کارروائی میں ایک حساس ادارے کی جانب سے فراہم کردہ انٹیلیجنس معلومات نے کلیدی کردار ادا کیا۔ دونوں اداروں کے باہمی اشتراک سے کی گئی یہ کارروائی اسلام آباد کے ایک پوش علاقے میں عمل میں آئی، جہاں حسن کو انتہائی حکمتِ عملی سے گرفتار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق، گرفتار دہشت گرد سے مزید تفتیش جاری ہے، اور اس سے اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے جو ممکنہ طور پر دیگر نیٹ ورکس تک پہنچنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق، یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف ریاستی ادارے مکمل طور پر متحرک اور چوکنا ہیں، اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے۔

Shares: