اسلام آباد: وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چودھری کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر حنیف عباسی ،سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، اور آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو اسلام آباد کے تمام سستے بازاروں میں قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے احکامات کی روشنی میں قیمتوں کے کنٹرول کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لیے سخت مانیٹرنگ کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اجلاس میں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف فوری کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ شہریوں کو معیاری اور سستی اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے