وفاقی حکومت نے جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان عوام کو تیز، آرام دہ اور جدید سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے ہائی اسپیڈ ٹرین چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق یہ فیصلہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں منصوبے کے خدوخال اور فریم ورک پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں مارگلہ اسٹیشن اسلام آباد سے راولپنڈی صدر اسٹیشن تک ریل منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق ہوا، جبکہ منصوبے کے فریم ورک ایگریمنٹ کو آئندہ ہفتے حتمی شکل دے کر دستخط کیے جائیں گے۔اعلامیے کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان یہ سفر صرف 20 منٹ میں طے ہوگا، جس سے نہ صرف قیمتی وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی بلکہ سڑکوں پر بڑھتے ٹریفک کے دباؤ میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ ٹرین شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولت فراہم کرے گی۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تیز رفتار ٹرین کے لیے ریل ٹریک وزارت ریلوے فراہم کرے گی جبکہ ریل سروس کا انتظام کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے سپرد ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید ترین ٹرینیں درآمد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولت میسر آسکے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ "جڑواں شہروں کے درمیان ریل سروس کا آغاز عوامی فلاح کا ایک بہترین منصوبہ ہوگا، جس سے شہری صرف 20 منٹ میں تیز اور آسان سفر کر سکیں گے۔”وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس منصوبے کو وزیراعظم کے عوامی ریلیف کے وژن کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ "منصوبے کی تکمیل سے ہزاروں شہریوں کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولت حاصل ہوگی، جو کہ وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کے درمیان آمد و رفت کو نئی جہت دے گی۔”








