وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور، ایبٹ آباد، گلگت اور شمالی پاکستان کے متعدد علاقوں میں جمعہ کی شام زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ اپنے گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے میدانوں میں نکل آئے۔
زلزلے کے جھٹکے راولپنڈی، اسلام آباد، چترال، سوات، مالاکنڈ اور گردونواح میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 اور گہرائی 120 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن، افغانستان میں تھا۔گلگت شہر اور اس کے گردونواح میں بھی جھٹکے خاصے شدید نوعیت کے تھے، جس کے باعث شہریوں میں خوف کی فضا دیکھنے میں آئی۔ تاہم اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔