وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں طوفانی بارش سے پانی میں ڈوب کر ماں بیٹا جاں بحق ہو گئے،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے سے ملحقہ پی ڈبلیو ڈی کالونی میں بارش کا پانی اچانک گھر کی بیسمینٹ میں بھر جانے سے ایک ہی گھرانے کے سوئے ہوئے افراد ڈوبنے لگے۔ ریسکیو کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کاروائیاں شروع کیں.
پانی میں ڈوب کر 30 سالہ سحرش فرحان اور اس کا ایک سالہ بیٹا شایان جاں بحق جبکہ باقی 7 افراد بیہوش ہو گئے۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر خاتون اور کمسن بیٹے کی لاشیں نکالیں اور پمز ہسپتال منتقل کر دیں۔ گھر کے دیگر 7 افراد کو بحفاظت پانی سے نکال لیا گیا.
ریسکیو حکام کے مطابق وہ اطلاع ملنے کے پندرہ منٹ بعد موقع پر پہنچے، بارش زیادہ ہونے کی وجہ سے بیسمنٹ مکمل بھر چکی تھی. بے ہوش افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی طبی امداد جاری ہے.،
پنجاب کے شہر راولپنڈی میں طوفانی بارشوں کے بعد نالہ لئی کی سطح بلند ہو گئی ہے، گوالمنڈی کے قریب نالہ لئی کی سطح الرٹ لیول تک پہنچ گئی، گوالمنڈی میں پانی کی سطح 8.6 فٹ پر پہنچ چکی ہے جس کے بعد مقامی حکومت نے الرٹ جاری کر دیا ہے. ضلعی انتظامیہ نے گوالمنڈی کے مقام پر الرٹ جاری کر دیا جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کٹاریاں پر پانی کی سطح 11.40 فٹ ہونے پر پری الرٹ جاری کیا جائے گا۔