اسلام آباد میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) نے 30 مختلف مقامات پرمفت وائی فائی فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے۔

یہ منصوبہ نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NTC) کے تعاون سے عملی شکل اختیارکررہا ہے اورشہر کے مختلف اسٹیشنز، پارکس اور سیکٹرزمیں انٹرنیٹ کی مفت سہولت فراہم کرے گامنصوبے کے تحت میٹرو کے 84 اسٹیشنزکو شامل کیا گیا ہے جبکہ پارکس اوراہم مقامات جیسے پاک سیکریٹریٹ سے یو پی روڈ تک 14 اسٹیشنز اور فیض احمد فیض سے جی ٹی روڈ تک 70 اسٹیشنز میں وائی فائی سروس فراہم کی جائیگی، سی اے اے اسپتال، جاپان پارک، لیک ویو پارک، دامن کوہ اور فاطمہ جناح پارک میں بھی مفت وائی فائی دستیاب ہوگا،شہری ہفتہ وار بازاروں جیسا کہ جی سکس اور ایچ نائن کے بازاروں میں بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے، اور اسلام آباد کے پوش سیکٹرز ایف سکس اور ایف سیون میں بھی وائی فائی فراہم کیا جائے گا۔

سی ڈی اے کے حکام کے مطابق یہ سہولت رواں ماہ کے اختتام تک مکمل ہو جائے گی، جس سے شہر کے شہریوں اور وزیٹرز کو جدید اور تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہو گی منصوبے کا مقصد نہ صرف شہریوں کیلئے انٹرنیٹ کی سہولت کو فروغ دینا ہے بلکہ شہرکے اہم عوامی مقامات پر ڈیجیٹل رابطے کو بھی مضبوط بنانا ہے تاکہ شہری اور سیاح دونوں جدید ٹیکنالوجی سے بھرپورفائدہ اٹھا سکیں۔

Shares: