ایران میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی دے دی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق بہمن چوبی (Bahman Choubi) نامی شخص پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے حساس معلومات اکٹھی کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا۔

ایرانی عدلیہ کے میڈیا ونگ میزان کے مطابق بہمن چوبی کو ملک کے اہم ترین اسرائیلی جاسوسوں میں شمار کیا جاتا تھا، جو خفیہ طریقے سے ریاستی اداروں اور ڈیٹا سینٹرز کے بارے میں معلومات دشمن ملک کو فراہم کر رہا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ ملزم نے سرکاری اداروں کے ڈیٹا بیس تک رسائی، معلومات کی ترسیل اور ایران کے الیکٹرانک آلات کی درآمد کے راستوں کے بارے میں تفصیلات موساد کو پہنچائیں۔میزان کے مطابق موساد کا بنیادی ہدف ایران کے ڈیٹا سینٹرز میں خلل پیدا کرنا اور ریاستی سکیورٹی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانا تھا۔ حکام نے دعویٰ کیا کہ بہمن چوبی اس نیٹ ورک کا مرکزی کردار تھا، جسے طویل تحقیقات اور عدالتی کارروائی کے بعد سزائے موت دی گئی۔

یاد رہے کہ جون 2025 میں ایران اور اسرائیل کے درمیان شروع ہونے والی جنگ کے دوران تہران نے اسرائیلی خفیہ نیٹ ورکس کا پردہ فاش کیا تھا۔ جنگ کے خاتمے کے بعد ایرانی حکام نے متعدد افراد کو گرفتار کر کے ان پر جاسوسی کے مقدمات چلائے، جن میں سے کئی کو پھانسی دی جا چکی ہے۔

Shares: