پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ظلم، جبر، قتلِ عام اور نسل کشی کے تمام عالمی قوانین کو روند کر رکھ دیا ہے۔ غزہ اس وقت زمین پر جہنم بن چکا ہے ،20 اپریل کو شہدا غزہ کانفرنس کے بعد بھی غزہ لہو لہو مرکزی مسلم لیگ کی تحریک جاری رہے گی،مرکزی مسلم لیگ اہل غزہ کے ساتھ کھڑی ہے،مسلم دنیا کو متحد ہو کر اسرائیل کے خلاف مشترکہ مزاحمت کرنی ہوگی،
ان خیالات کا اظہار پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید، حافظ عبدالرؤف،جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک نے جمعہ کے اجتماعات سے خطابات ،بعد ازاں کارکنان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے غزہ میں پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بمباری اور بچوں، عورتوں، صحافیوں کو نشانہ بنانااخلاقی دیوالیہ پن کی بدترین مثال ہے، مرکزی مسلم لیگ اہل غزہ کے ساتھ ہے، کراچی میں شہدا غزہ کانفرنس میں شہری شریک ہو کر اس امر کا ثبوت دیں کہ پاکستان کا بچہ بچہ اسرائیل کے خلاف کھڑا ہے.
قاری محمد یعقوب شیخ کا کہنا تھا کہ جب یورپی یونین جیسے عالمی ادارے اور ان کی اعلیٰ عہدیدار کایا کالاس خود اعتراف کر رہی ہے کہ اسرائیل نے تمام اخلاقی اور انسانی حدیں پار کر لی ہیں، تو مسلم دنیا کو اب بھی اور کیا ثبوت چاہیے، یورپ فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کر سکتا ہے، تو مسلم حکمران کیوں خاموش ہیں ،اقوام متحدہ اور عالمی عدالتِ انصاف اسرائیل کے خلاف فوری جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کریں،او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلا کر مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے۔
حافظ خالد نیک کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا جنوبی رفح پر قبضہ، اور غزہ کے 30 فیصد حصے کو سیکیورٹی بفر زون میں بدلنا، صاف ظاہر کرتا ہے کہ وہ فلسطینیوں کو ان کی زمین سے مکمل بےدخل کرنا چاہتا ہے،ہم اہل غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں،ان کی تکلیف ہماری ہے،اہل غزہ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی.