غزہ: اسرائیلی فوج نے جبالیا کیمپ میں کئی مکانات کو بم لگا کر اڑا دیا
غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ کے جبالیا کیمپ میں کئی مکانات کو بم لگا کر اڑا دیا۔
باغی ٹی وی: اسرائیلی فوج کا جبالیا کیمپ کا محاصرہ جاری ہے اور صیہونی فورسز نے ایک ہفتے میں 200 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے جبکہ ہزاروں فلسطینی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔دوسری جانب حماس نے اسرائیلی فوج پر وار کیے جس سے کئی اسرائیلی فوجی ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اسرائیلی حکام کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے مہاجرین (انروا) کے ہیڈکوارٹر کی اراضی ضبط کرنے کے فیصلے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سعودی عرب نے اسرائیلی حکومت کے اس اقدام کو فلسطینی اراضی کا سرقہ قرار دیا ہے۔
سعودی عرب کی طرف سے بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کی غیر منظم اسرائیلی خلاف ورزیوں، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور امدادی تنظیموں کو منظم سیاسی اور فوجی انتقام کا نشانہ بنانے اور اس کے کارکنوں کی زندگیوں کو مسلسل خطرے میں ڈالنے کی بھی شدید نذمت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’انروا‘ ایک انسانی ہمدردی کا ادارہ ہے جس کا مشن فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کرنا ہے۔ سعودی عرب ’انروا‘ کے خلاف اسرائیلی حکومت کے اس اقدام کو انسانی مشن کے خلاف اقدام کے طور پر دیکھتا ہے اور اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
ادھر اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان پر بھی شدید بمباری کی، باطیہ قصبے کے بازار کو نشانہ بنایا، لبنان میں اسرائیلی فوج نے 23 علاقوں سے شہریوں کو انخلا کا حکم دیا ہے،لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 78 افراد جاں بحق ہوگئے، حزب اللہ نے بھی شمالی اسرائیل پر راکٹ حملے کیے اور حیفا شہر میں فوجی اڈے کو نشانہ بنایا اسرائیلی فوج نے زیادہ تر راکٹ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے –
دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ایران اور اسرائیل کے درمیان باقائدہ جنگ کا خطرہ موجود ہے اور امریکا نے جنگ کی صورت میں اسرائیل کے دفاع کا فیصلہ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے دو ہفتے قبل ہونے والے ایرانی میزائل حملوں کے جواب میں اب اسرائیل حملے کی تیاری کر رہا ہے اور اس کے جواب میں مزید ایرانی حملوں کے دفاع کی بھی تیاری کا جائزہ لے رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے بھی کسی ممکنہ حملے کی صورت میں جوابی حملے کا پلان بنا رکھا ہے اور اسی جوابی حملے سے اسرائیل کو بچانے اور اس کے دفاع کے لیے امریکا نے اسرائیل کو اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم دینے کا فیصلہ کیا ہے جو ٹرمینل ہائی ایلٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس” (THAAD) کہلاتا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا تھاڈ اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم اسرائیل میں نصب کرے گا جو 150 سے 200 کلومیٹر کی رینج میں آنے والے میزائلوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔