بیروت: اسرائیل کی بری فوج حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کے لیے جنوبی لبنان کے اندر داخل ہوگئیں جہاں حزب اللہ جنگجوؤں نے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کر کے انہیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔
باغی ٹی وی : الجزیرہ کے مطابق حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان کے قصبے عودیسیہ میں دراندازی کرنے والے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کر کے انہیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا،حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو پسپا ہونے سے قبل جھڑپ میں شدید نقصان اُٹھانا پڑا ہے، مالی اور جانی نقصان پر اسرائیلی فوجی بھاگ کھڑے ہوئے۔
لبنانی خبر ایجنسی المیادین کا کہنا ہےکہ بدھ کی صبح اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں 2 اسرائیلی سپاہی ہلاک اور 18 زخمی ہوئے جنہیں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اسرائیلی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب اسرائیل نے حزب اللہ کے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم صیہونی میڈیا نے لبنان کے قصبے میں ایک سنگین سیکیورٹی واقعے کی اطلاع دی ہے جس میں شمال میں اسپتالوں کو الرٹ رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔
فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی بھارت میں ریلیز روک دی گئی
اسرائیلی میڈیا کے مطابق لبنانی قصبے میں فوجی ہیلی کاپٹرز زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر رہے ہیں، ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے اپنی فوج کی ڈویژن 98 جوکہ 10 سے 20 ہزار فوجیوں پر مشتمل ہے اسے لبنان کی سرحد پر تعینات کر رکھا ہے اور اسرائیل نے لبنان میں زمینی کارروائی کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل بھی ایران پر میزائل حملے کا جواب دینے کی تیاری کر رہا ہے، اسرائیلی حکام نے بتایا ہے کہ چند روز میں اسرائیل حملہ کرے گا اور ایران کی تیل تنصیبات اور اسٹریٹجک مقامات کو نشانہ بنائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کر کے حسن اللہ کو شہید کر دیا تھا اور اس حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم نے حسن اللہ کو مار کر بہت سے اسرائیلیوں کے قتل کا بدلہ لے لیا۔