اسرائیلی فرم کا30سے زائدانتخابات پر اثرانداز ہونے کاانکشاف
رائے عامہ کومتاثر کرنے کیلئے آن لائن مہم ایک سافٹ وئیرپلیٹ فارم کے ذریعے چلائی گئی
نیویارک (ایجنسیاں) میڈیا کی ایک خفیہ تحقیقات کے مطابق ایک اسرائیلی فرم نے ہیکنگ ،تخریب کاری اور غلط معلومات پھیلا کر اپنے کلائنٹس کیلئے دنیا بھر میں 30 سے زائدہ انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ان انکشافات سے ان شواہد کو تقویت ملی ہے کہ دنیا بھر میں موجود نجی فرمز ہیکنگ ٹولز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی طاقت سے رائے عامہ پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ اس فرم کو ان تحقیقاتی صحافیوں نے ٹیم جارج کا نام دیا جنہوں نے اس کی تکنیک اور صلاحیتوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے کیلئے خود کو اس کے ممکنہ کلائنٹس کے طور پر پیش کیا۔ اس فرم کے سر براہ اسرائیل کی اسپیشل فورسز کے ایک سابق کارکن طل حنان ہیں جنہوں نے مبینہ طور پر ٹیلی گرام اکائونٹس اور ہزاروں جعلی سوشل میڈیا پروفائلز کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ خبریں بھی پلانٹ کیں۔ یہ تحقیقات فرانس میں قائم غیر منافع بخش ادارے فاربیڈن اسٹوریز کی ہدایت پر 30 میڈیا آئوٹ لیٹس کے صحافیوں پر مشتمل ایک تنظیم نے کی ، ان آئوٹ لیٹس میں برطانیہ کے دی گارجین، فرانس کے لی مونڈے، جرمنی کے ڈیر اسپیگل اور اسپین کے ایل پیس شامل ہیں ۔ گارجین نے لکھا کہ ٹیم جارج کے بیان کردہ طریقے اور تکنیکیں ٹیکنالوجی کے بڑے پلیٹ فارمز کیلئے نئے چیلنجز کو جنم دیتی ہیں، انتخابات سے متعلق غلط معلومات کے فروغ میں ملوث عالمی نجی مارکیٹ کی موجودگی کے ثبوت دنیا بھر کی جمہوریتوں کیلئے خطرے کی گھنٹی ہیں۔ اس حوالے سے طل حنان نے تفصیلی سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا تاہم انہوں نے صرف اتنا کہا کہ میں کسی بھی غلط کام میں ملوث ہونے سے انکار کرتا ہوں۔ 50 سالہ طل حنان نے 3 خفیہ رپورٹرز کو بتایا کہ ان کی خدمات (جنہیں انڈسٹری میں اکثر بلیک آپس کہا جاتا ہے ) انٹیلی جنس ایجنسیوں، سیاسی مہم اور بھی کمپنیوں کے لیے دستیاب ہیں۔ گارجین کے مطابق انہوں نے کہا کہ اب ہم افریقہ میں ایک الیکشن پر اثر انداز ہو رہے ہیں، ہماری ایک ٹیم یونان میں اور ایک ٹیم امارات میں ہے، ہم نے صدارتی سطح کی 33 مہمات پر کام کیا ہے، جن میں سے 27 کامیاب رہیں، ان میں سے لگ بھگ 2 تہائی کا تعلق افریقہ سے ہے۔ صحافیوں کے سامنے اپنی تکنیکی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے کینیا میں صدارتی انتخاب سے کچھ روز پہلے سیاسی کارکنوں کے جی میل ان باکس اور ٹیلی گرام اکائونٹ کو ہیک کر کے دکھایا۔ رپورٹس کے مطابق رائے عامہ پر اثر انداز ہونے کیلئے آن لائن مہم ایک سافٹ ویئر پلیٹ فارم کے ذریعے چلائی گئی جسے ایڈوانسڈ امپیکٹ میڈیا سلوشنز کہا جاتا ہے، اس نے مبینہ طور پر فیس بک، ٹوئٹر یالنکڈ ان پر تقریبا40 ہزار سوشل میڈیا پروفائلز کو کنٹرول کیا۔

اسرائیلی فرم کا30سے زائدانتخابات پر اثرانداز ہونے کاانکشاف
Shares:







