غزہ: اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں صرف آج کے روز کم از کم 104 فلسطینی شہری شہید ہو گئے، جن میں 37 افراد وہ تھے جو رفح میں امدادی مراکز سے خوراک حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق، غزہ کے مختلف ہسپتال ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جمعہ کی صبح سے لے کر اب تک صہیونی افواج کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 104 ہو چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، شہداء میں متعدد افراد رفح کے امدادی مراکز کے باہر خوراک کی تلاش میں موجود تھے۔

ادھر غزہ شہر کے جنوبی علاقے زیتون میں اسرائیل کے دو فضائی حملوں کے نتیجے میں بھی تین شہری شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ الاہلی ہسپتال کے ذرائع نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر (OHCHR) نے حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 13 جولائی 2024 تک غزہ میں امداد کے حصول کے دوران کم از کم 875 فلسطینیوں کو نشانہ بنا کر شہید کیا جا چکا ہے، جن میں اکثریت غزہ ہیومنٹیرین فاؤنڈیشن (GHF) کے نجی مراکز پر حملوں کے دوران شہید ہوئی۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک کم از کم 58 ہزار 765 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 40 ہزار 485 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فورسز امدادی سامان کے متلاشی شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہیں، جس سے انسانی بحران میں مزید شدت آ گئی ہے۔

ٹھٹھہ: میرپور ساکرو میں بااثر افراد کی زمین پر قبضے کی کوشش، بیوہ خاتون انصاف کے لیے عوامی پریس کلب پہنچ گئی

Shares: